منقبت حضرت فاطمہ زہرا
منقبت
یاد خاتون جنت
شہزادئ مصطفٰی ، مخدومۂ کائنات، طیبہ، طاہرہ، عفیفہ، شاکرہ، صابرہ، سیدة النساء، خاتون جنت حضرت سیدہ فاطمہ زہرا رضی اللہ تعالی عنھا کی بارگاہ عالی جاہ میں خراج عقیدت.
وصال پاک، ۳ رمضان المبارک.
***
کبھی خالی نہیں لوٹی دعائے فاطمہ زہرا
ہوا مایوس کب کوئی گدائے فاطمہ زہرا
یہ فرمانِ نبی ہے فاطمہ ہے حور دنیا کی
مہ و انجم سے روشن ہے ردائے فاطمہ زہرا
نہ ملتی کربلا میں فتح آخر کیسے اصغر کو
دعا کے واسطے جب ہاتھ اٹھائے فاطمہ زہرا
خدا ملبوس فردوس بریں سے بھیج دیتا ہے
کبھی جب حالِ دل اپنا سنائے فاطمہ زہرا
خدا کا شکر کرتی ہے ادا فاقوں سے رہ کر بھی
بہت محبوب ہے رب کو ادائے فاطمہ زہرا
نہ کچھ شکوہ نہ غم دل محو ہے یاد الہی میں
درود پاک ہے لب پر سجائے فاطمہ زہرا
الہی کر دعا مقبول صدقے شاہ بطحا کے
مِری ماں بہنوں کو کر دے فدائے فاطمہ زہرا
کوئی لائے تو دنیا میں مثال ایسی سخاوت کی
ہے خود فاقے سے، سائل کو کھلائے فاطمہ زہرا
کیا محفوظ ان کے لال نے سر دے کے امت کو
ہے میری جاں مِرا ایماں عطائے فاطمہ زہرا
بنی ہر شے ہے جن کے صدقے وہ زہرا کے بابا ہیں
جسے چاہے اسے جنت دلائے فاطمہ زہرا
قلم کو غسل دے سو بار، پھر اِک لفظ لکھ توصیفؔ
نہیں ممکن کبھی تجھ سے ثنائے فاطمہ زہرا
"""""""""
✍🏻از- توصیف رضا رضوی